پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ 8فروری کے انتخابات میں بلوچستان سے بھی پیپلزپارٹی اکثریت سے جیتے گی۔ بلوچستان کے عوام صدر آصف علی زرداری کے ایک ایک لفظ پر اعتبار کرتے ہیں اور اس بات پر یقین ہے کہ صدر آصف علی زرداری بلوچستان کے عوام کے دکھوں کا ازالہ کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں میر چنگیز خان جمالی نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان احساس محرومی کے خاتمے کی طرف پہلا قدم تھا۔ صدر آصف علی زرداری گوادر کو سنگاپور سے واپس نہ لیتے تو گوادر کی اہمیت نہ ہوتی۔ قومی راہداری کا نقشہ صدر آصف علی زرداری نے تیار کیا تھا تاکہ گوادر سے شروع ہونے والی قومی راہداری سے ملک کی ترقی سے جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم منتخب ہو کر بلوچستان کے لوگوں کے حقوق دیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ بالکل واضح ہے کہ بلوچستان کی معدنیات کے مالک بلوچستان کے عوام ہیں۔