پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت اور واقعے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے شہید پولیس اہلکار محمد ہاشم کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بزدلانہ کاروائیاں پولیو اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک بھر میں پولیو کے خلاف جنگ میں مصروف پولیو ٹیموں کے ہر کارکن کے حوصلے، جذبے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ایک عظیم کاز کی خاطر اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔