اسلام آباد(28 اکتوبر 2022)
وفاقی وزیر صحت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ لیڈر کا آزادی مارچ قوم کو نیا دھوکہ ہے۔ عمران خان کے مارچ کے پیچھے وہ غیر ملکی عناصر ہیں جو پاکستان سے تو نفرت کرتے ہیں مگر عمران خان کے مالی سہولت کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ لیڈر نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا۔ اب ادارے کی ساکھ مجروح کرنے کا ٹھیکہ لے چکا ہے۔ قادر پٹیل نے کہا کہ قوم عمران خان کے نئے پاکستان کے زخم نہیں بھولی جب لاکھوں لوگوں کے گھر مسمار کئے گئے اور عمران خان کا گھر ریگولرائز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بارش اور سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لئے ٹیلی تھون کرکے دنیا کو دھوکہ دیا۔ اب سیلاب متاثرین کے 14ارب روپے نیازی لکی سرکس کے مارچ پر خرچ ہو رہے ہیں۔ قادر پٹیل نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود بڑا ڈاکو ثابت ہوا ہے۔ چوری ان کا پیشہ ہے اور جھوٹ بولنا ان کا نظریہ۔