سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی یوم ولادت پر دنیا بھر میں آباد ان کے جیالوں اور حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں ان کے مزار پر کروڑوں انسان اپنے عقیدے کے مطابق دعاوں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں جبکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں، آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید مدتوں سے استحصال کے شکار انسانوں کیلئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ تھے جس کی ہر قدم پر تاریخ نے رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید کرشمہ ساز لیڈر تھے انہوں نے تین سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے ۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور، بولنے کیلئے زبان اور عزت سے سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ سکھایا تھا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید نے مسلم دنیا کی بھی رہنمائی کی وہ فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کے بھی روح رواں تھے ، قائد عوام انسانی آزادی کے بہت بڑے حامی، طرفدار اور وکیل تھے، آصف زرداری نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید دنیا کے ایسے لیڈر تھے جو مذاکرات کے میز پر ناقابل شکست تھے جس کی وجہ سے دنیا کے مہذب طبقات ان کے مداح تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پانچ سال کی مختصر مدت میں نہ صرف 1971 کی جنگ میں ہونے والی تباہی کے سارے نشانات مٹا کر ایک نئے پاکستان کی تعمیر کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کیلئے دنیا کے طاقتور قوتوں سے ٹکر لی وہ ایسے پاکستان کی تعمیر چاہتے تھے کہ کوئی دشمن پاکستان کو بری نظر سے نہ دیکھے بلکہ وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کو ایسی ایٹمی قوت بنایا چاہتے تھے جہاں جدید سائنسی بنیادوں پر میڈیکل اور انجینئرنگ کی صلاحیت ہو ، انرجی میں ملک خود کفیل ہو ، اور ذراعت میں ایسی ترقی کرے کہ پاکستان خوراک کی پیداوار میں ترقی یافتہ ممالک سے آگے ہو ، آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ہر پاکستانی کو پاسپورٹ بنوانے کا حق دیا تاکہ وہ دنیا بھر میں آباد ہوکر اپنے ملک کا نام روشن کریں۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جب پاکستان بے مثال ترقی کی منزلیں طے کرنے تو اقتدار کے لالچی ٹولے نے انتہائی حقیر مقاصد کی خاطر اپنے ملک پر قبضہ کر لیا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ خود غرض افراد نے ناجائز اقتدار کی خاطر پاکستان کو تختہ مشق بنا دیا۔ آصف علی زرداری نے کہا آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک بار پھر ایسا باوقار ملک بنائیں گے جس کیلئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر جدوجہد کی تھی ، سابق صدر نے کہا کہ ہمارا عزم ناقابل شکست ہے۔ موجودہ پاکستان ہمارے قائد کی کاپاکستان ہے جس کی بقا اور سلامتی کی ضمانت عظیم محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کی قربانی دے کر دی تھی ہم بھٹو شہید کی امانت کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید قائد عوام بھٹو شہید کے پاکستان کی زنجیر تھیں اب بلاول بھٹو زرداری زنجیر ہیں جو اپنے نانا کےپاکستان کی نہ صرف حفاظت کرتے رہیں گے اور پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔