اسلام آباد(23 ستمبر 2022)
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم عمران خان کو پہلے ہی نالائق سمجھتی تھی اب تو وہ بے حس اور خودغرض شخص کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف بات کرکے عمران خان اپنا بونا قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی انتشار پھیلا کر ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لئے اکٹھا کیا ہوا چندہ ہضم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 13ارب روپے بارش اور سیلاب کے متاثرین مدد کرنے کی بجائے اپنے اکاﺅنٹ میں رکھے ہوئے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے کہ ہمیں خیرات اور امداد نہیں انصاف چاہیے کی دنیا تائید کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک تہائی ملک بارش اور سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ کروڑوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ عمران خان ان سے ہمدردی کرنے کی بجائے جوکر بن کر تماشے کر رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بارش اور سیلاب کے متاثرین کی بحالی کے لئے کام کر رہے ہیں جبکہ عمران خان وزیراعظم تھے تو اپنے نجی کاروباری ٹرسٹ کی فنڈنگ کے لئے ٹیلی تھون کرتے رہے۔