لاہور/اسلام آباد/کراچی (17 جنوری 2024)
سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حلقہ نمبر NA-127 لاہور میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے لاہور کی جیل میں گزارے گئے دنوں کو یاد کیا جب جیالے اور جیالیاں ان سے ملنے جیل آیا کرتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی یاد کیا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے لگائے گئے آم کے درخت کے برابر میں انہوں نے بھی ایک آم کا درخت لگایا تھا اور اب یہ دونوں پھل دے رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کی سیاسی جدوجہد کو 40سالوں سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اس وقت اپنے لیڈروں پر فخر محسوس کرتے ہیں جب انہیں پتہ ہوتا ہے کہ ان کے لیڈر عوام کے حقوق کی خاطر جیل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیالے محنت کرکے بلاول بھٹو زرداری کو اس حلقے قومی اسمبلی کا ممبر بنائیں گے اور اس کے بعد چیئرمین بلاول ملک کے وزیراعظم بن جائیں گے۔